دو بچے درخت کے نیچے کتابیں پڑھ رہے ہیں

احیائے اردو سیریز

جماعت 1 تا 8

زبان سے محبت، فہم، اظہار اور تخلیقی صلاحیتوں کی تربیت

سیریز کا تعارف

احیائے اردو سیریز جماعت اول تا ہشتم کے لیے تیار کردہ ایک مکمل اور مربوط نصاب ہے، جس کا مقصد بچوں میں اردو زبان کی فہم، اظہار کی صلاحیت، ادبی ذوق اور تخلیقی سوچ کو فروغ دینا ہے۔

احیائے اردو، کتاب 8احیائے اردو، کتاب 7احیائے اردو، کتاب 6احیائے اردو، کتاب 5احیائے اردو، کتاب 4احیائے اردو، کتاب 3احیائے اردو، کتاب 2احیائے اردو، کتاب 1

ہماری تعلیمی سوچ

زبان کا گہرا فہم انسان کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل ہے کیوں کہ یہ نہ صرف انسان کے جذبات و احساسات کی ترجمان ہوتی ہے بلکہ دوسروں تک مافی الضمیر پہنچانے کا واسطہ بھی! اسی طرح انسان کی جمالیاتی ضرورتوں کی تسکین کا بھی ایک بڑا ذریعہ زبان ہی سے پورا ہوتا ہے۔ اگر کسی شخص کی زبان کا فہم ناقص ہو تو یہ محض علمی نہیں بلکہ وجودی کمی ٹھہرتی ہے۔ ایسا انسان نہ تو بڑا ادراک رکھنے پر قادر ہوتا ہے اور نہ ہی بڑا اظہار۔

ہمارا تعلیمی نظام گذشتہ کئی دہائیوں سے جس رخ پر چل رہا ہے اس میں زبان کی اہمیت گھٹتے گھٹتے اب معدوم کے درجے کو پہنچ چکی ہے۔ انگریزی تو چوں کہ سکہ رائج الوقت کی حیثیت رکھتی ہے اس لیے اس کی اہمیت تو پھر بھی اس حوالے سے موجود ہے لیکن “نزلہ بر عضوِ ضعیف” کے مصداق اردو کی طرف توجہ بس خانہ پری کی حد تک باقی ہے۔ اسی وجہ سے اس کے مواد کی طرف خاص توجہ دی جاتی ہے اور نہ ہی تعلیم کی طرف۔ بچوں کا اچھا ادب اردو میں پہلے بھی زیادہ موجود نہیں تھا لیکن گذشتہ دہائیوں میں صورت حال مزید تنزل کا شکار ہو چکی۔ رہی سہی کسر معروضی امتحانی نظام نے پوری کردی جس میں خود سے دو سطریں درست نہ لکھ سکنے والا بچہ اپنے رٹے کی بنیاد پر ۱۰۰ میں سے ۱۰۰ نمبر لے سکتا ہے۔ زبان و ادب کے پرچے میں اتنے نمبر لینے کا مطلب یہ ہے کہ گویا اشعار کی تشریح اس بچے نے نہیں بلکہ شاعر نے بقلم خود کی ہو۔ نتیجہ ہمارے سامنے ہے کہ ہماری وہ نسل جو اب یونیورسٹیوں میں پڑھ رہی ہے یا فارغ ہو کر میدان عمل میں اتر چکی ہے بالعموم اس کی اردو زبان پر دست رس اس معیار کو بھی نہیں پہنچتی جس سطح کی لسانی مہارتوں کا پیدا ہونا ایک پنجم کے بچے میں ضروری ہوتا ہے۔

اردو کے نصاب کی جانب اگر ہم دیکھیں تو یہ ہمیشہ سے سماجیات اور اخلاقیات کا مجموعہ دکھائی دیتا ہے۔ پہلے درجے ہی سے بچے کو نسبتاً ثقیل اور خشک مضامین پڑھنے کو ملتے ہیں جس کی طرف دل چسپی پیدا ہونا چھوٹی عمر کے بچے کے لیے ممکن ہی نہیں۔ اگر کتاب میں بچے کو متوجہ کرنے کی صلاحیت نہیں تو کتاب کسی صورت زبان سکھانے کے کام نہیں آسکتی۔ بچپن میں کسی کتاب میں سب سے زیادہ متوجہ کرسکنے والی چیز “کہانی” ہوتی ہے جو نہ صرف بچے کے لیے دل چسپی کا سامان لیے ہوئے ہوتی ہے بل کہ اس کے تخیل کی تہذیب کرنے اور حسِ جمال کی تسکین کا فریضہ بھی سرانجام دیتی ہے۔

ہم نے اپنی اردو کی کتب میں شعوری طور پر ان کمیوں کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔ کتاب کے اسباق کو محض موضوعات کی خانہ پری کرنے کے بجائے انھیں بچے کی دل چسپی کے مطابق اور ادبی اسلوب میں ڈھالنے کی سعی کی ہے تاکہ بچوں میں زبان سیکھنے کے ساتھ ساتھ اردو ادب سے محبت اور لگاؤ کا بھی احساس پیدا ہو۔ اسباق کو کہانی کے رنگ میں لکھا گیا ہے تاکہ ان سے محض چند معلومات ہی حاصل نہ ہوں بلکہ بچے کے تخیل کو بھی مہمیز ملے، وہ زبان و بیان کے نت نئے اسالیب اور قرینوں سے بھی واقف ہوں، اور اُن کی جمالیاتی حس بھی بیدار ہوتی چلی جائے۔ اسباق کے علاوہ مشقوں میں بھی ایسے سوالات شامل کیے گئے ہیں جو بچے کی تخلیقی صلاحیتوں کو بیدار کریں اور زبان کی استعداد بڑھائیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ اساتذہ امتحانات میں بھی بچوں کی جانچ پرکھ اُنھی معیارات پر کریں گے جو ہم نے مشقوں میں پیش کیے ہیں۔ اساتذہ کی راہ نمائی کے لیے ہر سبق میں الگ سے ہدایات بھی دی گئی ہیں تاکہ ان ہدایات کی روشنی میں بہتر طور پر استفادہ ممکن ہو سکے۔ اسی طرح ڈیزائننگ میں بھی کوشش کی گئی ہے کہ کتاب زیادہ سے زیادہ بچے کی توجہ اپنی طرف مبذول کروانے والی ہو۔ ہمارے ماہرین نے اس کی تیاری میں بہت محنت اور جان فشانی سے کام کیا ہے تبھی ہم اس قابل ہوئے ہیں کہ ایک اردو کی معیاری کتاب آپ کے سامنے پیش کر سکیں جس کو پڑھ کر بچہ حقیقتاً “اردو” سیکھنے کے قابل ہو سکے گا۔

اہم خصوصیات

  • کہانی پر مبنی دلچسپ اسباق
  • زبان کی فہم و اظہار کی تربیت
  • تخلیقی اور سوچ کو ابھارنے والی مشقیں
  • اردو ادب اور جمالیاتی حس سے آشنائی
  • ہر سبق کے ساتھ اساتذہ کے لیے رہنمائی
  • بچوں کی دلچسپی کے مطابق دلکش ڈیزائن
دیارِ مغرب کے رہنے والو خدا کی بستی دکاں نہیں ہےکھرا جسے تم سمجھ رہے ہو وہ اب زرِ کم عیار ہوگا
— علامہ محمد اقبال —
علامہ محمد اقبال